اس لسٹ سے یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ خلفائے راشدین جو کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے تربیت یافتہ شاگرد تھے وہ امت کے مسلمانوں اور غیرمسلموں کے لیے کس قسم کے کام سرانجام دے کر چلے گئے۔ اس فہرست کے ذریعہ ایسے تمام مسلمان جو یہ جاننا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی آخرت کی زندگی بہتر بنانے کے لیے اس فزیکل ورلڈ میں کس قسم کے کام سرانجام دیں تو یہ لسٹ ان شاء اللہ انہیں کفایت کرے گی کیونکہ اس میں صرف خلفائے راشدین کا انتخاب کرکے ان سے متعلق کارناموں کوانٹرنیٹ سے ریسرچ کرکے جمع کردیا گیا ہے اللہ کے فضل و کرم سے ۔
ان میں کونسی باتیں سچ ہیں یا جھوٹ اس سے قطعی نظر مقصد صرف یہ ہے کہ نیکی کے کام کرنے کے لیے مسلمان جس عہدہ پر بھی ہو اسے آسانی ہوسکے ان شاء اللہ اور خلفائے راشدین کی عظمت اور شان و شوکت کا بھی اندازہ ہوسکے کہ وہ کس قدر اعلی لیول پر ہونے کے باوجود کس قسم کے کام کرتے تھے اور ان کا مقصد صرف اللہ کو راضی کرنا تھا لہذا ہم سب کو اپنا کردار اس آئینے میں دیکھنا بھی چاہیے۔
الحمدللہ رب العالمین، اللہ اکبر، اللہ واحد القہار
حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے کارنامے
حضور نبی رحمت ﷺ کے وصال کی خبر سن کر کافی قبیلوں نے سرکشی کر دی لوگ مرتد ہونا شروع ہو گئے ،بعض نے زکوٰة اور نماز ادا کرنے سے انکار کر دیا، ملک کے بیشتر حصوں سے مدعیانِ نبوت اٹھ کھڑے ہوئے جن میں طلیحہ بن خویلد، اسود عنسی، سجاح بنت حارثہ اور مسیلمہ کذّاب بہت مشہور ہیں انہوں نے اسلام کے خلاف لوگوں کو بھڑکانا شروع کر دیا اور اپنی جماعتیں بنانا شروع کر دیں حضرت ابوبکر صدیق ؓنے پہلے متعدد پیغامات بھجوائے کہ وہ اپنے اس غلط دعوے کو مسترد کر دیں لیکن جب انہوں نے آپکی بات کا انکار کیا تو آپ نے لشکر کیساتھ حملہ کیا اور ان کذّابوں کو نیست و نابود کر دیا۔
حضرت عمرؓ کی تحریک پر حضرت ابوبکرؓ نے حضرت زید بن ثابتؓ سے قرآن کریم تحریری صورت میں لکھوا کر اسے مسجد نبویؐ میں رکھوا دیا جس سے قرآن کریم کتابی شکل میں محفوظ ہو گیا اور اس میں کسی تحریف اور ردوبدل کا دروازہ بھی بند ہو گیا کہ مسجد نبویؐ میں موجود سرکاری اور اسٹینڈرڈ نسخہ کی موجودگی میں کسی کو جرأت نہیں تھی کہ وہ قرآن کریم میں اپنی طرف سے کوئی ردوبدل کر کے اسے عام کر سکے۔
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بیت المال کا نظام قائم کر کے ریاست کے عام شہریوں بالخصوص معذوروں اور مستحقین کی کفالت کا جو نظام دیا تھا حضرت ابوبکر صدیقؓ نے اس سلسلہ کو آگے بڑھایا اور ایسی بنیادیں فراہم کر دیں جس سے رفاہی ریاست اور ویلفیئر اسٹیٹ کا وہ نظام حضرت عمرؓ کے دور میں منظم ہو کر دنیا کے لیے ایک مثالی اور آئیڈیل رفاہی نظام کی شکل اختیار کر گیا۔
آپؓ نے اپنے دورِ خلافت میں ایران اور روم کی دو عظیم سلطنتوں کو متعدد شکستیں دے کر ملت اسلامیہ کے وقار اور دبدبے کا ڈنکا بجا دیا۔
حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے کارنامے
عراق، مصر ، لیبیا ، سرزمین شام ، ایران، خراسان، مشرقی اناطولیہ، جنوبی آرمینیا اور سجستان فتح ہو کر مملکت اسلامی میں شامل ہوئے اور اس کا رقبہ بائیس لاکھ اکاون ہزار تیس (22,51,030) مربع میل پر پھیل گیا۔
پہلی مرتبہ یروشلم فتح ہوا، اس طرح ساسانی سلطنت کا مکمل رقبہ اور بازنطینی سلطنت کا تقریباً تہائی حصہ اسلامی سلطنت کے زیر نگین آ گیا
آپ کی عدالت میں مسلم و غیر مسلم دونوں کو یکساں انصاف ملا کرتا تھا۔
موذنوں کی تنخواہیں مقرر کیں۔
مسجدوں میں روشنی کا بندوبست کروایا۔
پولیس کا محکمہ بنایا۔
عدالتی نظام کی بنیاد رکھی۔
آب پاشی کا نظام قائم کروایا۔
فوجی چھاونیاں بنوائیں اور فوج کا محکمہ قائم کیا۔
دنیا میں پہلی بار دودھ پیتے بچوں، معذوروں، بیواوں اور بے آسراوں کے وظائف مقرر کئے۔
دنیا میں پہلی بار حکمرانوں، سرکاری عہدیداروں اور والیوں کے اثاثے ڈکلیئر کرنے کا تصور دیا۔
بے انصافی کرنے والے ججوں کو سزا دینے کا سلسلہ بھی شروع کیا۔
دنیا میں پہلی بار حکمران کلاس کی اکاونٹبلٹی شروع کی۔
حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے کارنامے
قرآن کے متعدد نسخے تیار کرکے مختلف صوبوں میں بھیجے اور امت کو ایک مصحف پر جمع کیا۔ اس کارنامے کی بدولت آپ کو ’’جامع القرآن‘‘ کا لقب دیا گیا ہے۔
جگہ جگہ ضرورت کے تحت سڑکیں اور پل تعمیر کرائے۔
مفتوحہ علاقوں اور ملکوں میں مساجد اور دینی مدارس قائم کئے۔
ملک شام میں سمندری جہازوں کے بنانے کا کارخانہ قائم کیا۔
مدینہ کو سیلاب سے بچانے کے لیے ایک بند تعمیر کرایا۔
جگہ جگہ پانی کی نہریں نکلوائیں۔
مدینہ اور دوسرے شہروں میں نئے کنویں کھدوائے۔
تعمیرات عامہ کے پیش نظر دوسرے شہروں میں بھی سرکاری عمارتیں، سڑکیں وغیرہ تعمیر کرائیں۔
کئی ممالک فتح کرکے خلافت اسلامیہ میں شامل کیے۔
حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے کارنامے
عربی گرامر کے موجد ہیں۔